ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہادائی احتجاج کے سلسلہ میں گرفتار کسانوں کی رہائی

مہادائی احتجاج کے سلسلہ میں گرفتار کسانوں کی رہائی

Sat, 13 Aug 2016 00:16:41    S.O. News Service

بنگلورو۔12/اگست(عبدالحلیم منصور/ ایس اونیوز) مہادائی احتجاج کے دوران نول گند کے یمنور اور دیگر مقامات پر پولیس کی مبینہ زیادتیوں کے مرحلے میں گرفتار شدہ کسانوں کو آج دھارواڑ کی عدالت نے ضمانت دے دی، جس کے ساتھ ہی ان تمام 187 کسانوں کو رہائی مل گئی۔ نول گند میں ہوئے پرتشدد واقعات کے سلسلے میں 187 افراد کوگرفتار کرکے ان پر دفعہ C25کے تحت مقدمات درج کرکے دھارواڑ، بلاری اور چترادرگہ جیل بھیج دیا گیا تھا۔ اس معاملے میں اب تک 14ملزمین کو ضمانت ہوئی تھی، تاہم آج دھارواڑ کی ضلعی عدالت نے ضلع وکلاء انجمن کی نمائندگی پر تمام کسانوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا۔ خاص طور پر یمنور میں گرفتار کسانوں پر 25 الگ الگ مقدمات درج کئے گئے تھے، آج ان کسانوں کو رہا کرنے کی درخواست پر سرکاری وکیلوں کی طرف سے کوئی اعتراض درج نہیں کیا گیا، جس کے سبب عدالت نے انہیں رہا کرنے کا فیصلہ سنایا۔عدالت نے ہدایت دی کہ 50ہزار روپیوں کے ذاتی مچلکے اور ہر پیر کو نول گند پولیس تھانہ میں حاضری کی شرط پر ان کسانوں کو رہا کیا جائے گا۔عدالت نے یہ بھی ہدایت دی کہ وہ اس کیس سے جڑے شواہد کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہ کریں۔ دھارواڑ ضلع کی وکلاء انجمن کے صدر ڈاکٹر وی ڈی کاما ریڈی نے عدالت میں نمائندگی کی۔ عدالت کی طرف سے کسانوں پر ضمانت پر رہا کرنے کے فیصلے پر ان علاقوں میں جشن کا ماحول پھیل گیا۔ضلع انچارج وزیر ونئے کلکرنی اور دیگر تمام سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں نے اپنے اپنے حامیوں میں مٹھائیاں تقسیم کرکے ان کسانوں کی رہائی کا جشن منایا۔ 10اگست کو ہوئی کابینہ اجلاس میں ان کسانوں پر درج مقدمات واپس لینے پر غور کیاگیا، لیکن ان میں حائل تکنیکی رکاوٹوں کی وجہ سے حکومت نے چارج شیٹ داخل ہونے کے بعد ضمانت کی مخالفت نہ کرنے کا فیصلہ لیاتھا، جس کے سبب آج ان کسانوں کی رہائی ہو پائی۔


Share: